23/06/2024
سوات میں عید الاضحیٰ کی چھٹیوں کے دوران اب تک مجموعی طور پر3لاکھ سے زائدسیاحوں نے سیاحتی مقامات کا رخ کیا ہے جس میں کینیڈا،فرانس، کرغزستان ملیشیا اور چائنہ سے غیرملکی سیاح بھی شامل تھے ۔۔۔
ترجمان اپرسوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی سعید الرحمان نے میڈیا کو بتایا کہ عید الاضحٰی کے پانچ دنوں کے دوران ملک بھر سے 50 ہزار سے زائد گاڑیوں میں 3لاکھ سے زائد سیاح سوات میں داخل ہوئے جس میں چائنہ ، کینیڈا، فرانس کرغزستان اور ملیشیاکے غیرملکی سیاح بھی شامل تھے ۔سیاحوں کی سہولت کے لئے اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے ڈپٹی کمشنر سوات و ڈائریکٹر جنرل اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی شہزاد محبوب کی ہدایت پر ڈپٹی ڈائریکٹر کرامت علی کے نگرانی میں سیاحوں کی سہولت کے لیے لنڈاکے، ملم جبہ ، گبین جبہ، مدین ، بحرین ، کالام اور دیگر مقامات پر سہولت مراکزقائم کررکھے تھے۔جہاں سوات پولیس ، ٹورازم پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے انہیں خوش آمدیدکہاگیا۔انہوں نے بتایا کہ سیاحوں نے فضاگٹ پارک،مرغزار ویلی،مالم جبہ،میاندم،گبین جبہ،میاندم اور کالام سمیت دیگر تفریحی مقامات کا رخ کیا اور اپنی عید کی چھٹیاں گزاریں ۔انہوں نے کہاکہ بڑی تعدادمیں سوات میں سیاحوں کی آمد اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ یہاں کے لوگ مہمان نواز ہیں اور اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی ، ضلعی انتظامیہ اور سوات پولیس ان کی رہنمائی اور سہولیات کی فراہمی کے لئے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے۔ بڑی تعداد میں سیاحوں کی آمد سے ثابت ہوتا ہے کہ وادی سوات ملکی و غیر ملکی سیاحوں کے لیے پر امن وادی ہے۔انہوں نے کہاکہ سب سے زیادہ مالم جبہ میں 1لاکھ سیاحوں کی آمد ریکارڈ کی گئی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔