03/05/2024
آج صبح صبح ہی دیامر بس حادثے نے دل دہلا دیا۔
20 سے زیادہ جانیں چلی گئیں اور اتنے ہی زخمی ہیں۔
اللہ پاک مرحومین کی مغفرت فرمائیں اور زخمیوں کو جلد صحت عطا فرمائیں۔ آمین
سب اللہ پاک کی طرف سے ہے اور جو ہو گیا اس پر ہم اللہ پاک سے دعا کر سکتے ہیں ۔ وہ ماضی ہو گیا۔
یہاں پر کتنے ہی ایسے لوگ ہیں جو خود یا اپنی فیملی کے ساتھ کے کے ایچ یا اسی طرح کی سڑکوں پر ڈرائیونگ کرتے ہیں۔ کچھ لوگ ایسے بھی ہیں جو 15 سے بیس لوگوں والی گاڑی چلاتے ہیں اور کچھ تو 40 سے 50 لوگوں کی زندگیوں کو ساتھ لے کر ڈرائیو کر رہے ہوتے ہیں۔ زنگی آپ کی اپنی بھی قیمتی ہے اور زیادہ زندگیوں کے ساتھ ذمہ داری اور بھی بڑھ جاتی ہے۔
میں اس پر کچھ لکھنا چاہتا ہوں جو ہمیں ذہن میں رکھنا ضروری ہے۔
کے کے ایچ ماشاءاللہ اچھی بنی ہوئی ہے اور اس پر آرام سے 80 کی رفتار سے گاڑی چلائی جا سکتی ہے۔
مگر آپ کو یہ ہر وقت ذہن میں رکھنا چاہئے کہ اس پر جو موڑ (curves) ہیں وہ چھوٹی گاڑی کے لئے 60 سے اوپر اور بڑی بسوں وغیرہ کے لئے 50 سے اوپر خطرناک ہیں۔
آج کے حادثے سے کچھ ایسا لگتا ہے کہ ڈرائیور نے زیادہ سپیڈ پر موڑ کاٹنے کی کوشش کی اور بس خطرناک حادثے کا شکار ہو گئی۔
ان سڑکوں پر ڈرائیور کو اپنے آپ کو مسلسل یاد دہانی کروانے کی ضرورت ہوتی ہے کہ مجھے موڑ پر اپنی سپیڈ کو کنٹرول کرنا ہے اور احتیاط سے کام لینا ہے۔ یہ بات خصوصی طور پر ان لوگوں کے لئے ضروری ہے جو ان سڑکوں پر زیادہ ڈرائیو کرتے ہیں اور یہ بات شاید ذہن میں کہیں پیچھے چلی جاتی ہے۔
آپ وقت رکھ کر چلیں اور جلدی کا شکار نہ ہوں۔
اگر زیادہ لمبا سفر ہے اور ڈرائیور کے آرام کرنے کا وقت نہیں ہے تو کم از کم دو ڈرائیور ہونے چاہیئں جو باری باری آرام کر سکیں۔
عام طور پر تنگ موڑ پر ڈرائیور حضرات سپیڈ کو تھوڑا سا اوپر رکھنے کے لئے اپنی لین سے دوسری لین پر گاڑی کر لیتے ہیں جبکہ سامنے سے آنے والی گاڑی کا موڑ پر اندازہ نہیں ہوتا جیسا کہ بلائینڈ( curve) اور یہ بھی بہت سارے حادثات کا باعث بنتا ہے۔ پہاڑی علاقے کی سڑکوں پر اپنی مخالف لین میں جانے سے بچیں اور موڑ پر تو یہ زہر قاتل ہے۔
اکثر جگہوں پر سڑک پر پتھر وغیرہ گرا ہوتا ہے اور گزرنے کی تنگ سی جگہ ہوتی ہے۔ ایسی جگہوں پر کچھ ڈرائیور حضرات سامنے سے آنے والی گاڑی سے جلدی گزرنے کی چکر میں سپیڈ تیز کر دیتے ہیں۔ ذرا سی جلدی یا دونوں ڈرائیوروں کی ضد جان لیوا ثابت ہوتی ہے۔ حادثے کے بعد یہ قطعی معنی نہیں رکھتا ہے آپ نے کتنے لوگوں کو سائڈ پر ہونے کے لئے مجبور کیا۔
دوسروں کی سائیڈ دبانا بھی کچھ ڈرائیوروں کا مشغلہ ہوتا ہے۔ اس سے جہاں دوسروں کا نقصان ہو سکتا ہے وہاں آپ بھی محفوظ نہیں ہیں۔ انتہائی اجتناب کی ضرورت ہے۔
ٹرانسپورٹ کمپنیوں کو ڈرائیوروں کا اموشنل ٹیسٹ اور اموشنل ٹریننگ کی کروانے چاہئیں۔
اپنے جذبات پر مکمل قابو رکھ کر گاڑی چلائیں۔
اپنی اور دوسروں کی زندگیوں کا خیال رکھیں۔
جزاک اللہ۔
copied ...