23/02/2021
گبین جبہ سپورٹس اینڈ کلچر فیسٹیول 26 فروری کو منعقد ہوگا
محکمہ سیاحت خیبرپختونخوا، کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ سوات کے باہمی اشتراک سے منعقدہ فیسٹیول تین روز تک جاری رہے گا، ہینڈی کرافٹ، فوڈ اور دیگر سٹالز بھی سجائے جائینگے
پشاور:24فروری2021(پ ر) محکمہ سیاحت خیبرپختونخوا کے زیرانتظام خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ سوات کے باہمی اشتراک سے سوات کی حسین وادی گبین جبہ میں سنو سپورٹس اینڈ کلچرفیسٹیول 26 فروری سے شروع ہوگا جس میں کھیلوں کی سرگرمیوں کیساتھ ساتھ ثقافتی سرگرمیوں کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا کی جنت نظیر وادی سوات کے نئے سیاحتی مقام گبین جبہ میں تین روزہ سنو سپورٹس اینڈ کلچر فیسٹیول میں سنو میراتھن ریس، سکینگ، سنو سائیکلنگ، رسہ کشی، آرچری اور سنو جوڈو کے مقابلے منعقد کئے جائینگے جبکہ اس کے علاوہ تین روزہ ثقافتی شو میں ہینڈی کرافٹ اور دستکاری اشیاء کے سٹالز، کھانے پینے کے سٹالز، بچوں کیلئے پلے لینڈ ایریااور سیاحوں اور مقامی افرادکیلئے کو محظوظ کرنے کیلئے موسیقی محفل بھی منعقد کی جائے گی جس میں نامور گلوکار اپنی پرفارمنس کا مظاہرہ کرینگے۔ ان سب کے علاوہ ایف سی ڈانس پرفارمنس،رباب موسیقی، پشتو مشاعرہ، میجک شو، مارشل آرٹ شو، سٹیج ڈرامہ اور دیگر سرگرمیاں شامل ہیں۔ گبین جبہ فیسٹیول میں محکمہ سیاحت خیبرپختونخوا کی جانب سے وادی سوات پر بنائی جانے والی ڈاکومنٹری اور ویڈیو پرومو بھی چلایا جائے گا۔