15/10/2024
|||حج 2025 کی تیاری کرنے والے افراد کے لیے اہم ہدایات|||
2025 میں حج کا ارادہ رکھنے والے افراد کو ابھی سے اپنی درخواستیں جمع کروانے کے لیے ضروری تیاری کر لینی چاہیے۔ مندرجہ ذیل معاملات پر ابھی سے خصوصی توجہ آپ کے سفرِ حج کو آسان بنانے میں مدد دے گی:
»»»| مشین ریڈایبل پاسپورٹ اور شناختی کارڈ:
سب سے پہلے، آپ کا پاسپورٹ اور قومی شناختی کارڈ تیار ہو۔ پاسپورٹ کی میعاد کم از کم 6 دسمبر 2025 تک ہو۔ اگر آپ کے پاسپورٹ کی مدت اس سے پہلے ختم ہونے والی ہے یا پاسپورٹ نہیں ہے، تو ابھی سے تجدید کروا لیں یا نیا پاسپورٹ بنوا لیں۔ حج درخواستیں جمع کروانے کا اعلان نومبر کے وسط میں متوقع ہے، اس لیے یہ ضروری ہے کہ آپ کے پاس پاسپورٹ دستیاب ہو۔
»»»| بینک اکاؤنٹ:
اگر آپ کے پاس بینک اکاؤنٹ نہیں ہے، تو ابھی سے کھلوا لیں، کیونکہ درخواست جمع کراتے وقت بینک تفصیلات درکار ہوں گی۔
»»»| مالی انتظام:
حج درخواستیں جمع ہونے کی متوقع تاریخ نومبر کے وسط کی ہوں گی لہٰذا ہر عازم حج کو کم از کم گیارہ لاکھ روپے کا انتظام پہلے سے کر لینا چاہیے تاکہ درخواست کے وقت مالی مسئلہ نہ ہو۔
»»»| ضروری دستاویزات:
اپنے اور وارث کے شناختی کارڈ کی فوٹو کاپی تیار رکھیں۔
»»»| موبائل فون کی مہارت:
جن افراد کو موبائل فون استعمال کرنا نہیں آتا، وہ ابھی سے سیکھنا شروع کریں، تاکہ سفر کے دوران کسی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔ ضروری ایپلیکیشنز جیسے گوگل میپس اور نسک ایپ کا استعمال بھی سیکھیں تاکہ حج کے دوران راستے تلاش کرنے میں آسانی ہو۔ حج کے دنوں میں منیٰ، عرفات، مزدلفہ، اور جمرات کے سفر کے دوران راستہ بھول جانے کا خدشہ ہوتا ہے، اور گوگل میپ آپ کی رہنمائی کر سکتا ہے۔
»»»| پیدل چلنے کی عادت:
حج کے دوران آپ کو کافی فاصلے پیدل طے کرنے پڑ سکتے ہیں، خاص طور پر جمرات سے حرم اور منیٰ تک۔ اس لیے آپ کم از کم 7 سے 10 کلومیٹر تک روزانہ پیدل چلنے کی مشق کریں، اور وہی جوتا پہن کر چلنے کی عادت ڈالیں جو آپ احرام میں استعمال کریں گے۔ یہ مشق طواف اور سعی کے لیے بھی مددگار ثابت ہوگی۔
»»»»||| خصوصی خیال:
اگر آپ کے والدین عمر رسیدہ ہیں، تو انہیں اکیلے حج پر نہ بھیجیں۔ ان کے ساتھ کوئی جوان بیٹا یا قریبی رشتہ دار ضرور بھیجیں، تاکہ وہ دوران حج کسی مشکل کا سامنا اکیلے نہ کریں۔ 2024 کے حج میں زیادہ تر مشکلات عمر رسیدہ افراد کو پیش آئیں، اس لیے اس بار پہلے سے منصوبہ بندی کر لیں۔
یہ تجاویز حج 2024 کے تجربات کی روشنی میں تیار کی گئی ہیں اور امید ہے کہ آپ ان سے استفادہ کریں گے۔
اللہ تعالیٰ آپ کیلئے سفرِ حج آسان فرمائے۔ آمین