28/03/2024
گاوری زبان کی ترویج اور اشاعت کے ضمن مین ہم جناب محمد زمان ساگر اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور ان کو اس زبان کی غیر معمولی خدمت پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ ایک ایسی زبان جس کے بارے میں مقامی لوگوں کا بھی خیال تھا کہ یہ پڑھی اور لکھی نہیں جا سکتی، زمان ساگر صاحب نے اس کی حروف تہجی ترتیب دی۔ گاوری میں درجنوں کتابیں شائع کیں، جن میں مقامی ادب، کہانیوں کی کتابیں، شعری مجموعہ، تدریسی کتابیں، دینی کتب، مقامی تاریخ کی کتابیں اور احادیث کا مجموعہ شامل ہیں۔ گاوری زبان میں سکولوں کا قیام عمل میں لائے جہاں بچوں کو مادری زبان مین ابتدائی تعلیم دی جاتی ہے۔ گاوری زبان کو ایم فل پروگرام میں شامل کرایا گیا۔ یہی نہیں حال ہی میں ان لوگوں نے پشاور ہائی کورٹ میں کیس لڑ کر مقامی زبان کو سرکاری طور پر پہچان کرائی اور اسکو نادرا اور مردم شماری میں ایک الگ زبان کی حیثیت دلائی۔ حکومتی سطح پر گاوری کو پرائمری لیول تک نصاب کا حصہ بنانے کیلئے عملی جدوجہد کی۔ علمائے کرام کو ساتھ ملا کر مادری زبان کی اہمیت کو اشکار کرنے کی کوشش کی۔ قرآن کریم کے گاوری ترجمے پر مولانا حسین علی صاحب کی مدد سے عملی کام شروع کیا، جو کہ عنقریب مکمل ہونے والا ہے۔ اور اسی طرح مفتی شمشیر شاہد کی مدد سے چالیس احادیث کی کتاب چھپوائی جس کی عنقریب تقریب رونمائی ہونے والی ہے۔ گاوری زبان میں رسالے کی اشاعت اور پھر دور جدید کے تقاضوں کے مطابق فیس بک صفحہ اور پھر یوٹیوب چینل کا قیام عمل میں لایا گیا، جس کیلئے حیات محمد کالامی HM Kalami کی خدمات قابل قدر ہیں۔ زبان کی ترویج وترقی میں مقامی شاعری اور فنون لطیفہ کی اہمیت مسلم ہے، زمان ساگر صاحب اور ان کی ٹیم نے مقامی شعراء اور فن کاروں کی حوصلہ افزائی کی اور انہیں جی سی ڈی پی کی صورت میں بہترین پلیٹ فارم مہیا کیا، مجلس کے کلچر کو دوبارہ زندہ کیا گیا۔ حال میں کالام میں گاوری سٹوڈیو کا قیام عمل میں لایا گیا جس کے ذریعے مقامی زبان کی ترویج ہورہی ہے اور نوجوانوں کیلئے بولنے کا ایک بہترین پلیٹ فارم مہیا ہوا ہے۔ کالام میں جدید گاوری لائبریری قائم کی گئی ہے جس میں کتب کا بہترین مجموعہ اور پڑھنے کا ماحول میسر ہے۔ گاوری بولنے والے نوجوان اب اپنی زبان پر شرم نہیں فخر محسوس کرتے ہیں۔ یہ زبان بولنے والے کالام، مٹلتان، اتروڑ اور تھل لاموتئ کے طلبہ مختلف تعلیمی اداروں میں اپنی تنظیمیں بنا کر باہم مربوط ہوگئے ہیں۔ گاوری زبان کی اس غیر معمولی خدمت پر یقینا" جی سی ڈی پی کی پوری ٹیم داد کے مستحق ہے۔ ہم اس پورے عمل میں ان کے حامی ہیں اور مستقبل میں بھی ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کراتے ہیں۔